سڈنی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہوٹل دیر سے پہنچنے پر جرمانہ ہونا معمولی بات ہے، اسے بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرنا چاہئے تھا۔ تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے کہا کہ ایسی چھوٹی باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرنا چاہئے لیکن میڈیا کے پاس جب خبر نہ ہو تو اسے ایسے واقعات کی تشہیر میں مزا آتا ہے۔انہوں نے کہ ’ہم کھانا کھانے گئے تھے، ہم آسٹریلیا میں ہیں لاڑکانہ یا ٹھٹھہ میں نہیں ہیں اور یہاں ریسٹورنٹ میں ان کے اپنے کلب بھی ہوتے ہیں، تو ایسی کوئی بات نہیں ہے ہم آٹھ لڑکے گئے تھے کھانا کھایا اور واپس آ گئے“ لیکن میڈیا نے اس بات کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔
بھارت کے ساتھ میچ سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی تیاریاں 100 فیصد نہیں لیکن بھارت کے خلاف میچ کیلئے کھلاڑیوں کو تیار ہونا ہی ہو گا۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ عالمی کپ جیسے بڑے ایونٹ میں دوسری ٹیمیں موقع نہیں دیتیں اس لئے ٹیم کی کمزوریوں کو جلد از جلد دور کیا جانا ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’دو وارم اپ میچز تھے وہ دونوں ہم جیتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب آپ اتنا بڑا ایونٹ کھیلنے آتے ہیں اور ورلڈ کی ٹاپ ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہیں تو آپ کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی کمزوریوں کو جلد از جلد ختم کر لیا جائے تو اسی کی کوشش ہو رہی ہے۔‘
0 Comments